لائف اسٹائل

پیلا رنگ

خدا تعالیٰ نے اپنے بندوں کے لیے کائنات کو بے شمار رنگوں سے سجایا ہے، رنگ رنگ کے پھول پودے پھل بنائے ہیں: ہرا، لال، نیلا، جامنی، گلابی، پیلا۔ انھی رنگوں میں سے ہم سب اپنا پسندیدہ رنگ چن لیتے ہیں۔ ہر رنگ کی اپنی ایک تاثیر ہوتی ہے جو ہمیں دوسروں سے منفرد رکھتی ہے اور ہماری شخصیت پر گہرے اثر ڈالتی ہے۔ آج میں بات کرنے جارہی ہوں پیلے رنگ کی۔ جنھیں یہ رنگ پسند ہوتا ہے، آج وہ اِس کی خصوصیات بھی جان لیں۔

پیلا رنگ پسند کرنے والے افراد بلا کے وفادار ہوتے ہیں۔ یہ رنگ روشنی، تازگی، امید، خوشی اور طاقت و توانائی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے۔ پیلا رنگ پسند کرنے والے افراد میں اچھا فیصلہ لینے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے۔ یہ رنگ آپ کو مثبت سوچ کا مالک بناتا ہے۔ اگر آج آپ نے پیلا رنگ پہنا ہے تو پورے دن آپ کا موڈ بہت اچھا رہنے والا ہے۔ آج خواتیں کو نہ ساس کی کھٹ پٹ کا ڈر ہونا چاہیے اور نہ میاں سے جھگڑے کا خوف۔ اسی طرح مرد حضرت بھی اپنے باس کی بات بے بات ڈانٹ سے محفوظ رہیں گے۔ سب سے ذیادہ مزیدار بات یہ کہ پیلا رنگ توجہ بہت جلدی حاصل کرتا ہے۔ اس لیے اگر آپ نے کسی دعوت یا پارٹی میں جانا ہے اور سب سے تعریف سننی ہے یا ناراض دوستوں کو منانا ہے تو پیلے رنگ کا انتخاب کیجیے۔

عام طور پر یہ رنگ انھیں پسند ہوتا ہے جنھیں صحافی بننے یا پروگرام کہ میزبانی کا شوق ہوتا ہے کیوں کہ اسے پسند کرنے والے دوسروں سے اہم معلومات نکلوانے میں ماہر ہوتے ہیں۔ پیلا رنگ صرف توجہ حاصل کرنے اور باتیں نکلوانے کے لیے ہی نہیں ہوتا بلکہ جھوٹ اور بے بنیاد خبروں، سنسنی پھیلانے اور منفی صحافتی ہتھکنڈوں پر مبنی صحافت کو بھی زرد صحافت کہا جاتا ہے یعنی پیلے رنگ سے منسوب کیا جاتا ہے۔

پیلے رنگ کو عالمی طور پر بھی ایک اہم حیثیت حاصل ہے۔ ذیل کی سطور میں ہم اس کے عالمی پہلو پر روشنی ڈالیں گے۔

عالمی اعتبار سے نمایاں پہلو:

  • تقریباً ہر ثقافت میں پیلا رنگ سورج کی روشنی، خوشی اور گرم جوشی کو ظاہر کرتا ہے۔
  • بہت سے مذاہب (جیسے ہندو مت اور قدیمی مصری مذاہب) میں پیلے رنگ کا تعلق خدا سے جوڑا جاتا ہے۔
  • پیلا رنگ دنیا بھر میں ٹریفک سگنلز کی روشنیوں اور علامات میں سے ایک ہے جو انتباہ کا اشارہ کرتے ہیں۔

مختلف ثقافتوں میں پیلے رنگ کے منفرد معانی:

  • جاپان میں پیلے کا مطلب جرات و ہمت ہے۔
  • چین میں پیلی موویز کا مطلب بالغان کی موویز ہے۔
  • روس میں عدم ذہنی صحت کے حاملین کی رہائش گاہوں کو مقامی طور پر پیلے گھر (Yellow Houses) کہا جاتا ہے۔
  • میکسیکو کے کچھ علاقوں میں روشن زرد گیندے کے پھول موت کی علامت ہیں ۔
  • قرونِ وسطیٰ میں یہودیوں کی پہچان کے لیے لباس میں پیلے رنگ کا نشان استعمال کرنا لازم تھا۔ جرمن دورِ حکومت میں یہودیوں کے لیے پیلے رنگ کا ستارہ پہننا لازم قرار دیا گیا تھا۔ اس لیے یہ رنگ ان میں اچھے جذبات کا مظہر نہیں ہے۔
  • بدھ مت میں یہ رنگ دنیا کی آسائش کو چھوڑ دینے اور سادگی کی علامت ہے۔
  • ہندوازم میں علم و فضل کی علامت ہے۔

پیلا رنگ سورج کا، سونے کا، انڈے کی زردی کا، ایک خطرناک بیماری یرقان بھی پیلے رنگ سے منسوب ہے۔ یہ رنگ ایشیا میں خوبصورتی کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔ تبھی تو ہم شادی سے کچھ دن پہلے دلھن کو پیلے رنگ کے کپڑوں میں مایوں بٹھاتے ہیں تاکہ اس پر خوب روپ آئے۔ لیکن پیلا گلاب بیک وقت گرم جوش محبت اور نفرت کی بھی علامت سمجھا جاتا ہے۔ پیلے رنگ پر بہت سے محاورے بھی ہیں ۔ کہیں یہ فخرومباہات  کی علامت ہے جہاں "سونے سے پیلی پڑنا” کہا جاتا ہےاور کہیں یہ تشویش کا ظہار بھی ہے جب نقاہت سے "پیلی پھٹک” کہہ دیا جاتا ہے۔

پیلے رنگ سے متعلق یہ مختصر تحریر پڑھ کر، مجھے امید ہے کہ جنھیں پیلا رنگ تھوڑا کم پسند ہوگا، وہ بھی اپنی شخصیت میں چار چاند لگانے کے لیے اسے پہلے سے زیادہ پسند کرنے لگیں گے۔

سحرش ہاشمی
حساس دل کی مالک سحرش ہاشمی سماج کے محروم طبقات کی آواز بننا چاہتی ہیں۔ زندگی اور اس کے متنوع پہلو ان کا موضوع ہیں۔ جرنلزم میں پی ایچ ڈی کر رہی ہیں اس کے علاوہ بطور ہوسٹ اور آرجے بھی کام کرچکی ہیں۔ فی الحال اے آر وائے سے وابستہ ہیں۔

One thought on “پیلا رنگ”

اپنی رائے کا اظہار کیجیے