لائف اسٹائل

منٹ لیمونیڈ

حال ہی میں ہمیں شہر کے بہترین ریستوران میں ہائی ٹی بفے اور افطار ڈنر بفے سے لطف اندوز ہونے کا اتفاق ہوا۔ ہم نہ صرف اللہ کی دی ہوئی نعمتوں سے شکم سیر ہوئے بلکہ نت نئے بین الاقوامی پکوانوں کی وساطت سے  مختلف ثقافتوں کے بارے میں جاننے کا بھی موقع ملا۔ اسی دوران ہم ایک انتہائی فرحت بخش مشروب سے بھی متعارف ہوئے۔ نہ صرف غذائیت اور تاثیر کےاعتبار سے ہم اس کے گرویدہ ہوئے بلکہ اس عام سے مشروب کو خاص بنا کر پیش کرنے پر ہم شیف کی تخلیقی صلاحیت کو بھی داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔ لاہور میں موجود Tuscany Courtyardاور کراچی میں Koffie Chalet دونوں ہی جگہ مختلف نام اور ایک آدھ اجزا کے فرق سے یہ شربت نوش کیا اور پھر کمال مہارت سے گھر پر بھی بنا ڈالا۔

انتہائی سادہ اور آسان یہ شربت قارئین کے لیے کچھ ایسا بھی نیا نہیں ہوگا، لیکن اس میں موجود ٹوئسٹ یقیناً پسند آئے گا۔ بچے اس کی رنگت سے ہی متاثر ہوجائیں گے اور آپ کے گھر کی دعوت میں بھی یہ ایک نیا اضافہ ہوگا۔ بیش بہا خوبیوں سے والا یہ شربت ایک نوع کی سکنجبین ہے جسے عرفِ عام میں لیموں پانی بھی کہا جاتا ہے۔ ذیل میں موجود ترکیب ہماری اپنی ہے جو کہ منٹ لیمونیڈ نوش فرمانے کے بعد مشاہدے سے ایجاد کی گئی اور کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔

اجزا

لیموں:                  6 عدد

چینی:                  6 کھانے کے چمچے

پودینہ:                  1گڈی

ٹھنڈا پانی:             6 گلاس

تخم بالنگا:              حسبِ ضرورت

کالا نمک:               حسبِ منشا

سجاوٹ کے لیے:

لیموں کے ٹکڑے

پودینے کے پتّے

برف

ترکیب:

1۔    پودینے کے پتّے ڈنٹھل سے الگ کر کے ٹھنڈے پانی میں بھگو دیں۔ تھوڑی دیر بعد ہلکے ہاتھ سے مسل کر اوپر اوپر سے پتّے نکال لیں، تاکہ پتّوں پر موجود مٹی پانی میں رہ جائے۔ خیال رہے کہ پانی چھاننا نہیں ہے۔ اسی دوران ایک پیالی میں تخم بالنگا بھی بھگودیں۔

2۔   بیج الگ کر کے ایک پلاسٹک کے جگ میں لیموں کا رس نچوڑ لیں۔

3۔   اب اس میں چینی شامل کریں اور ساتھ اتنا پانی ڈالیں کہ چینی مکمل طور پر ڈوب جائے۔

4۔   اس لیموں، چینی اور پانی کے آمیزے میں پودینے کے پتّے شامل کر کے بلینڈر اس وقت تک چلائیں کہ پتّے باریک پس جائیں۔

5۔   اب ٹھنڈا پانی شامل کرکے خوب اچھی طرح چمچہ چلائیں یہاں تک کہ پودینہ اور پانی یک جان ہو جائیں۔

6۔   تخم بالنگا کو بھی چمچے کی مدد سے اوپر اوپر سے اٹھا کر شامل کریں تاکہ اس میں موجود گرد پانی میں رہ جائے۔

7۔   اس تیار شربت کو گلاس میں انڈیلیں، اور برف شامل کر دیں۔ اگر کالے نمک کا ذائقہ پسند ہے تو دو چٹکی نمک بھی شامل کردیں۔ اس سے مزہ دوبالا ہوجائے گا۔

8۔   لیموں کے ٹکڑے پر چھوٹا سا کٹ لگا کر گلاس کے کنارے پر سجائیں۔ اور اوپر ایک پودینے کا پتّا رکھ دیں۔

 

نوٹ: پیش کرنے کے لیے لمبے گلاس استعمال کریں تو زیادہ بہتر ہے۔

(اس شربت میں موجود تخم بالنگا گرمی کا توڑ ہے اور لیموں فوری توانائی  اور ترو تازگی کے لیے کارآمد ہے۔ پودینہ نہ صرف جلد بلکہ پیٹ کے کئی امراض میں انتہائی مفید ہے۔)

ثنا شاہد
ثنا شاہد، رنگوں، خوشبوؤں اور کتابوں کی دیوانی جو چھوٹی سی زندگی میں بہت کچھ کرنا چاہتی ہیں۔ انگریزی ادب میں ماسٹرز کرنے کے باوجود اردو زبان کا اچھا اور معیاری استعمال نہ صرف سیکھنے بلکہ سکھانے کے لیے بھی کوشاں رہتی ہیں۔ نجی اشاعتی ادارے سے بطور منیجر، پبلشنگ وابستہ ہیں۔

اپنی رائے کا اظہار کیجیے