لائف اسٹائل

ہونٹوں کو قدرتی گلابی نرم و ملائم بنانے کے گھریلو نسخے

حسن کی کوئی بھی  تعریف ہو یا کوئی استعارہ وہ لبوں کی تعریف کے بنا مکمل ہی نہیں ہوتا۔ شاعروں کے دیوان لبوں کے جملہ خصائل و جمال سے اٹے پڑے ہیں۔ کہیں یہ لب کٹار کی طرح تیکھے ہوتے ہیں تو کہیں پنکھڑی سے نازک، کہیں غنچے سے تشبیہہ پاتے ہیں تو کہیں مئے رنگین  سے۔ کبھی ان کو جام کہا گیا تو کہیں دل آرام۔ محب کی ساری محبت و چاہت محبوب کے لبِ لعلیں تک رسائی سے شروع ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صدیوں سے لبوں کے حسن و آرائش کا خیال رکھا جارہا ہے۔ گلابی، بھرے بھرے صحت سے چمکتے لب سب کی ہی توجہ اپنی جانب کھینچ لیتے ہیں۔ اسی لیے خواتین کے بیگ میں آرائش ِ جمال کے سازوسامان میں لپ اسٹک کی موجودگی تو لازمی ہی ہے۔ لیکن اگر لبوں کی لالی لپ اسٹک کی محتاج نہ رہے تو۔۔۔

اکثر لوگوں کا یہ خیال ہے کہ ہم ہونٹوں کی گلابی رنگت  حاصل نہیں کر سکتے۔ لیکن ہمارا یہ ماننا نہیں۔ ہونٹوں کی خوبصورت رنگت پانا نہایت آسان ہے۔ ایسی بہت سی آزمودہ تراکیب  ہیں جنھیں اپنانے سے  گلابی ہونٹوں کا خواب پورا کیا جاسکتا ہے۔آج ہم آپ کو ایسے ہی چند آسان اور مفید ٹوٹکوں کے بارے میں بتائیں گے۔اگر آپ  بھی چاہتے ہیں کہ آپ کے ہونٹ قدرتی طور پر نرم و گلابی ہوجائیں تو ذیل کی تراکیب کو غور سے پڑھیں:

۱۔ لیموں کا عرق اور چینی:

ایک نہایت ہی آسان اور آزمودہ شے جو آپ کو گھر کے باورچی خانے سے بآسانی مل سکتی ہے وہ لیموں اور چینی ہیں  یہ آمیزہ  ہونٹوں پر قدرتی بلیچ کی طرح کام کرتا ہے۔ لیموں  ہونٹوں کی سیاہی کو ختم کرکے ان کی گلابی رنگت واپس لوٹاتا ہے جبکہ چینی آپ کے ہونٹوں کی بے جان جلد کو ہٹا نے میں مدد دیتی ہے۔

۲۔ ہونٹوں کو موئسچرائز کرنا:

آپ کے ہونٹوں کی جلد پر بہت کم مقدار میں آئل ہوتا ہے جو  آپ کی بے توجہی سے بری طرح متاثر ہوتا ہے اور ہونٹوں کو بے رنگ بے جان اور بے رونق بناتا ہے ۔ اگر آپ اپنے ہونٹوں کو تروتازہ ،شاداب اور گلابی دیکھنا چاہتے ہیں تو انھیں موئسچرائز رکھیں۔ پیٹرولیم جیلی یا لپ بام کا ستعمال کریں۔ اگر آپ گھر میں ہیں تو کوکا بٹر اور لپ گلوس کا برابر استعمال کریں ۔ہونٹو ں کی تازگی اور نرمی و ملائمت کے لیےانھیں موئسچرائز رکھنا بے حد ضروری ہے۔

۳۔انار دانے اور دودھ کا استعمال:

انار دانے کی مدد سے آپ اپنے ہونٹوں کو تروتازہ اور گلابی رنگت دے سکتے ہیں۔ انار دانہ کوٹ لیں اور تھوڑے سے دودھ میں ملا لیں اس آمیزے کو اپنے ہونٹوں پر لگائیں ۔آپ کچھ دن میں نوٹ کریں گے کہ آپ کے ہونٹ گلابی اور بھر بھرے لگنے لگیں ہیں۔ اس نسخے کی بہترین بات یہ ہے کہ اس کے کوئی سائیڈ ایفیکٹ نہیں ہیں اور انار دانہ آپ کو مارکیٹ سے ہر جگہ بآسانی دستیاب ہیں۔

۴۔کھیرے کا عرق:

ایک اور آسان طریقہ جو ہونٹوں کی سیاہی ختم کرنے میں مددگار ہے وہ کھیرے کا عرق ہے۔ ایک کھیرے کا ٹکڑا لیں اور اس کو اپنے ہونٹوں پر ملیں اتنی دیر تک کہ آپ کے ہونٹوں پر کھیرے کا عرق اچھی طرح لگ جائے  بلکہ اچھی طرح جذب بھی ہوجائے۔اگر آپ دن میں پانچ بار یہ عمل دہرائیں گے تو آپ کے ہونٹوں کی سیاہی کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔

۵۔ اسٹرا بیری کا آمیزہ:

اسٹرابیری  میں ایسے بہت سے فوائد پوشیدہ ہیں جو آپ کے ہونٹوں کی خوبصورتی بحال کرنے میں بہت مددگار ہیں۔ اسٹرابیری کا آمیزہ تیار کرنے کے لیے آپ  اسٹرا بیری کو پیس لیں اور تھوڑا سا شہد اور ایلوویرا جیل ملا لیں۔یہ آمیزہ پانچ سے دس منٹ ہونٹوں پر لگا کر رکھیں اور پھر دھو لیں۔ دھونے کے بعد ہونٹوں پر کوئی بھی اچھا سا لپ بام یا موئسچرئزنگ کریم لگا لیں۔

۶۔ شہد ،بادام کا تیل اور چینی:

آپ یہ عمل صرف چینی کے ساتھ بھی کر سکتے ہیں لیکن  بہترین نتائج کے لیے  چینی میں شہد اور بادام یا زیتون کا تیل بھی شامل کر لیں۔ آمیزہ ہونٹوں پر لگا کر دس منٹ تک ا چھی طرح مساج کریں ۔

۷۔سونے سے پہلے میک اپ کی صفائی:

ایک بہت ہی عام وجہ جو ہونٹوں کو سیاہ مائل کرتی ہے وہ میک اپ کا چہرے پر لگا رہنا ہے ،آپ ہر رات سونے سے پہلے چہرے کے ساتھ ساتھ ہونٹوں پر لگی لپ اسٹک کو بھی کسی اچھی آئلی کریم سے یا تھوڑے سے زیتون کے تیل کو کاٹن بال میں لگا کر ہونٹوں کو صاف کرنا نہ بھولیں ۔یہ چھوٹی سی عادت بہترین نتائج برآمد کرے گی ۔

۸۔ٹوتھ برش سے مساج:

ہونٹوں کی گلابی رنگت کے لیے ہر رات دانتوں کی صفائی کے بعد اپنے ہونٹوں کو بھی برش کی مدد سے اسکرب کر لینا بہت آزمودہ اور آسان ٹوٹکا ہے۔اس امر کے لیے صرف نرم اور سادہ ٹوتھ پیسٹ استعمال کریں ،ایسا کرنے سے آپ کے کھردرے ہونٹ نہ صرف صاف ہو جائیں گے بلکہ آپ کی خشک جلد کی جگہ نرم ملائم اور گلابی جلد لے لے گی۔

۹۔سگریٹ نوشی سے پرہیز:

سگریٹ نوشی نہ صرف آپ کی صحت کو متاثر کرتی ہے بلکہ آپ کے ہونٹوں کی سیاہی کا بھی سبب بنتی ہے، سگریٹ نوشی سے پرہیز کریں۔

۱۰۔ کیفین کا بے جا استعمال:

چائے اور کافی کی زیادہ مقدار بھی ہونٹوں پر  سیاہی لاتی ہے ۔تازہ پھلوں کے جوس استعمال کریں ۔ زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال ، معدنی اجزا  پر مشتمل خوراک کا استعمال ،سورج میں براہ راست جانے سے پرہیز اور ایس پی ایف 15  کریم کا استعمال ایسے عوامل ہیں جو ہونٹوں کی رنگت کو بحال رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

گل زہرہ طارق
گل زہرہ ترجمہ نویس اور بلاگر ہیں۔ سٹیزن آرکائیوز پاکستان سے منسلک ہیں۔ روزمرہ زندگی کے امور اور پلکے پھلکے موضوعات پر لکھنا پسند کرتی ہیں۔
http://[email protected]

اپنی رائے کا اظہار کیجیے