لائف اسٹائل

سال 2018ء میں ریلیز ہونے والی سات فلمیں

کیا آپ بھی ہماری طرح فلمیں دیکھنے کے شوقین ہیں؟

ویسے تو اس سال کئی لالی وڈ، بالی وڈ اور ہالی وڈ فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں۔ لیکن ہم نے صرف ان ہی فلموں کا انتخاب کیا ہے جو سنیما جاکر دیکھنے کے قابل ہوں گی اور پیسے خرچ کرنے کا افسوس بھی نہیں ہوگا۔ ہر ماہ ریلیز ہونے والی ان فلموں کی فہرست بناتے ہوئے ہم نے اس بات کا بھی خاص خیال رکھا ہےکہ یہ فلمیں دوست احباب کے ساتھ دیکھی جاسکیں۔ ہوسکتا ہے یہ فلمیں آپ کو بھی پسند آئیں۔ آپ کے علم میں بھی ایسی کوئی فلم ہے جو اسی سال ریلیز ہونے والی ہے اور اسے اس فہرست میں ہونا چاہیے تو اپنی آرا سے ہمیں ضرور آگاہ کیجیے۔

سنجو
سنجے دت کی سوانح حیات پر بننے والی اس فلم کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔ ان شائقین میں سنجے دت کے مداح تو شامل ہیں ہی ساتھ ساتھ رنبیر کپور کو سنجے دت کے روپ میں دیکھنے کے لیے ان کے پرستار بھی کچھ کم نہیں۔ سنجے دت کو بحیثیت اداکار تو ہم سب ہی جانتے اور سراہتے ہیں لیکن اپنی نجی زندگی میں وہ کن دشواریوں سے گزرے اور کن مشکلات کا سامنا کر کے وہ آج اس مقام پر پہنچے یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں۔ اس فلم میں سنجے دت کے بچپن سے لے کر آج تک کے حالات کو پردے پر دکھانے کی کوشش کی گئی ہے؛ پہلی فلم کی کامیابی، ماں کی وفات، کئی ساتھی اداکاراؤں کے ساتھ معاشقے، ڈرگز، انڈر ورلڈ سے تعلقات اور ممبئی دھماکوں کے الزام میں جیل وغیرہ۔
راج کمار ہیرانی کی ڈائریکشن میں بننے والی اس فلم کے ٹیزرز آتے ہی سوشل میڈیا پر تہلکہ مچ گیا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ یہ فلم باکس آفس پر سارے ریکارڈ توڑ دے گی۔
ریلیز: 29 جون

مشن امپاسبل: فال آؤٹ
کرسٹوفر میک کیوری کی ڈائریکشن میں بننے والی مشن امپاسل کے چھٹے حصے میں ایک بار پھر ٹام کروزجلوہ افروز ہو رہے ہیں۔ خون کو گرما دینے والی ایکشن سے بھر پور یہ سیریز ایتھن ہنٹ کے کردار کے گرد گھومتی ہے جس کا تعلق آئی ایم ایف (امپاسبل مشن فورس) سے ہے۔
فال آؤٹ میں ہم دیکھیں گے کہ آئی ایم ایف کا ایک مشن بہت بری طرح سے فیل ہوتا ہے جس کے نتیجے میں سی آئی اے ہنٹ کو تفتیش کے لیے بلاتی ہے اور اس کی وفاداری اور اغراض و مقاصد پر شک کرتی ہے۔ اپنی وفاداری ثابت کرنے کے لیے ہنٹ کے پاس وقت کم ہے اور اس بار اس کے قتل کا منصوبہ بھی بنالیا گیا ہے۔
حیران کردینے والے مضبوط پلاٹ کی اس سیریز کے شائقین ہر سال بڑھتےجارہے ہیں جس سے ٹام کروز اور مشن امپاسبل دونو ں کی کامیابی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ 1996ء میں پہلے حصے کے بعد جیسے جیسے ٹیکنالوجی نے ترقی کی مشن امپاسبل کی ٹیم نے اسے اپنی فلموں کا لازمی جز بناکر ایسے ایکشن مناظر فلمائے کہ دیکھنے والا دنگ رہ جائے اور اس سوچ میں پڑ جائے کہ آگے کیا ہوگا۔ مشن امپاسبل اور ٹام کروز کے پرستار بے چینی سے فال آؤٹ کے ریلیز ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔ اس فلم کو دیکھنے کا اصل مزہ 3D میں ہے۔
ریلیز: 27 جولائی

دی میگ
سمندر اور شارکس سے متعلق فلموں کے شائقین کے لیے خوش خبری، جاس، ڈیپ بلو سی، 47 میٹر ڈاؤن میں اگر کوئی کسر باقی رہ گئ تھی تو وہ اس سال اگست میں ریلیز ہونے والی دی میگ سے پوری ہوجائے گی۔
اسٹیو آلٹن کے ناول، میگ: اے ناول آف ڈیپ ٹیرر پر مبنی یہ فلم کہانی ہے ایک ایسی شارک کی جس کے بارے میں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ وہ معدوم ہوچکی ہے۔ لیکن جب چائنیز کوسٹ سے 200 میل دور 75 فٹ لمبی یہ مخلوق سمندر کی اتھاہ گہرائیوں سے نکل کر ایک آب دوز پر حملہ کرتی ہے تو اس کا عملہ بری طرح پھنس جاتا ہے۔ غوطہ خور جونس ٹیلر، جس کی مڈبھیڑ ایک بار پہلے بھی اس بے رحم اور ظالم شارک سے ہوچکی ہے، کے لیے ڈوبتی ہوئی آب دوز میں موجود عملے کو بچانا ایک نئی چنوتی ہے۔
اگر آپ کو جاس یاد ہے تو آپ اندازہ کرسکتے ہیں کہ اس زمانے میں اسٹیون اسپل برگ کو ایک مکینیکل شارک استعمال کرتے ہوئے اپنے مطلوبہ سین فلمانے میں کن دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ہوگا۔ فلم کے کچھ منظر دیکھ کر ‘ڈیجا وہ’ کا احساس ہوتا ہے جیسے یہ جاس کا اپڈیٹد ورژن ہے۔ لیکن ایکشن اور سحر طاری کردینے والے مناظر کے لیے اسپیشل ڈیجیٹل ایفیکٹس کے بہترین استعمال کے باعث اسے اپنے سے پہلے کی تمام فلموں پربرتری حاصل ہے۔ اس کا ٹریلر ہی اس سنسنی خیز فلم کی کہانی کے منفرد اور دل چسپ ہونے کی عکاسی کرتا ہے۔
ریلیز: 10اگست

اسمال فوٹ
یہ کہانی ہے ایک سمجھ دار اور پرتجسسYeti کی جسے اپنی کمیونٹی کی طرح یہی لگتا ہے کہ انسان جیسی کوئی مخلوق نہیں ہوتی۔ ایک دن اتفاقاً میگو ایک عجیب مخلوق دیکھتا ہے جس کے پیر چھوٹے سے ہوتے ہیں۔ میگو شدید ڈر جاتا ہے اور اپنی کمیونٹی کو آنے والے خطرے سے آگاہ کرتا ہے۔ لیکن کوئی اس کی بات کا یقین نہیں کرتا، سوائے کچھ Yetis کےجنھوں نے  (SFE (Small Foot Exist کے نام سے اپنا ایک گروپ بنایا ہے۔ اس گروپ کا مقصد چھوٹے پیر والی مخلوق کی موجودگی کے ثبوت جمع کرنا ہے۔ میگو تہیہ کر لیتا ہے کہ وہ یہ ثابت کرکے رہے گا کہ انسان ہوتے ہیں۔
Yeti جو انسانوں کے لیے فرضی مخلوق ہے، کیا ہو کہ Yeti کے لیے انسان ایک فرضی مخلوق ہوں۔ اچھوتے موضوع پر بنی یہ فلم بچوں اور بڑوں دونوں کو ہی پسند آئے گی۔
ریلیز: 28 ستمبر

فرسٹ مین
دی نوٹ بک سے کامیابی حاصل کرنے والے ریان گوسلنگ اس بار نیل آرمسٹرونگ کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔ جیمس ہنسن کی کتاب فرسٹ مین: دی لائف آف نیل آرمسٹرنگ، پر بنی یہ فلم تاریخ کا سب سے اہم اور مشکل ترین مشن: چاند پر انسان کا پہلا قدم، بڑے پردے پر دکھائے گی۔ یہ فلم ناسا کے خلائی مشن پر جانے والے ایک ایسے خلا باز کی ہے جس کی ذاتی زندگی پر اس مشن کے براہِ راست اثرات مرتب ہوئے۔ آرمسٹرونگ کی زندگی پر ناسا کا یہ مشن کس طرح حاوی ہوا، اور بحیثیت شوہر اور باپ اسے کیسی پریشانیاں لاحق ہوئیں اور اس نے کیا قربانیاں دیں یہ سب اس فلم کا حصہ ہے۔
آرمسٹرونگ کی سوانح حیات پر بنائی یہ فلم گوسلنگ کے مداحوں کے لیے تواہم ہے ہی، لیکن خلا اور فلکیات سے دل چسپی رکھنے والوں کے لیے بھی یہ خاص معنی رکھتی ہے۔
ریلیز: 12 اکتوبر

دی نٹ کریکر اینڈ دی فور ریلمز
والٹ ڈزنی کی ایک اور مسحورکن اینی میٹڈ فلم سنیما گھروں کی زینت بننے جارہی ہے۔ فلم کے ٹیزرز سے اس کی کہانی کے بارے میں فی الحال تو کچھ نہیں کہا جاسکتا لیکن اس کا مرکزی خیال جادوئی کہانی، دی نٹ کریکر سے ماخوذ ہے جس میں کلارا کو کرسمس پر ایک گڑیا تحفتاً ملتی ہے جو کہ اصل میں گری دار میوے توڑنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ کلارا کو تاکید کی جاتی ہے کہ وہ اس کا خاص خیال رکھے۔ آدھی رات کو جب کلارا گڑیا کو ایک بار پھر دیکھنے کی نیت سے بستر سے اٹھتی ہے تو دیکھتی ہے کہ اس کے گھر میں جنگ کا سماں ہے۔ چوہوں کی ایک فوج ہے جو نٹ کریکر اور اس کے ساتھی سپاہیوں کو کھا رہی ہے۔ کلارا نٹ کریکر کو چوہوں سے بچاتی ہے اور نٹ کریکر ایک شہزادے میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
اس فلم میں کلارا کا کردار میک کنزی فائے ادا کر رہی ہیں جب کہ منجھی ہوئی اداکارہ کیارا نائٹلی بھی پری کے کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔
ریلیز: 2 نومبر

زیرو
بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ شاہ رخ خان کے پرستاروں میں کافی کمی آئی ہے۔ اس کی وجہ ان کی کچھ ناکام فلموں جیسے دل والے، ہیپی نیو ائیر اور جب ہیری میٹ سیجل وغیرہ کا کمزور پلاٹ تو ہے ہی لیکن ان کے کردار کاانتخاب بھی غلط ثابت ہوا۔ بہرحال اس سال کے آخر میں کنگ خان ایک نئے روپ اور نئے انداز میں اپنے مداحوں کا دل جیتنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ فلم رومینٹک ڈرامہ ہے جس میں ہم شاہ رخ خان کو انوکھے اور اچھوتے کردار میں دیکھیں گے۔ فلم میں وہ ایک بونے کا کردار کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ ان کے ساتھ اس فلم میں کترینہ کیف اور انوشکا شرما اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
فلم کے چند ٹیزرز ریلیز ہوئے ہیں لیکن انھیں دیکھ کر کہانی کا اندازہ فی الحال نہیں لگایا جاسکتا۔ شائقین بے چینی سے اس فلم کی ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں۔
ریلیز: 21 دسمبر

آپ ان میں سے کون سی فلم سنیما میں دیکھنا پسند کریں گے؟

ثنا شاہد
ثنا شاہد، رنگوں، خوشبوؤں اور کتابوں کی دیوانی جو چھوٹی سی زندگی میں بہت کچھ کرنا چاہتی ہیں۔ انگریزی ادب میں ماسٹرز کرنے کے باوجود اردو زبان کا اچھا اور معیاری استعمال نہ صرف سیکھنے بلکہ سکھانے کے لیے بھی کوشاں رہتی ہیں۔ نجی اشاعتی ادارے سے بطور منیجر، پبلشنگ وابستہ ہیں۔

اپنی رائے کا اظہار کیجیے